اسلام آباد(سی این پی)سپریم کورٹ نے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا اور حکم ناموں کی مصدقہ نقول طلب کرلیں۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کانوٹیفکیشن پیش کیا۔چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کی ڈرافٹنگ ہی درست نہیں، صوبائی حکومت سمجھتی ہے بلدیاتی ادارے انہوں نے بحال کیے، جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت نے کہاعدالتی حکم پرعمل نہیں ہوسکتا۔سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کی تمام کارروائی کاریکارڈطلب کرتے ہوئے کہا تحقیقات کرکے معاملے کی تہہ تک جائیں گے۔جسٹس مظہرعالم نے ریمارکس میں کہا سیکرٹری کے تحریری جواب میں ہے کہ وزیراعلی کو سمری بھیجی تھی۔چیف جسٹس نے کہا کہ جو بھی ذمہ دار ہوا اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب،سابق چیف سیکرٹری پنجاب،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی گئی۔
177