اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ)حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ڈیڑھ روپے تک کمی کا اعلان کردیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ڈیڑھ روپے کمی کردی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی فی لیٹر ڈیڑھ روپے کمی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فی لیٹر ایک روپے کمی کی گئی ہے۔قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 118.30 روپے ہو گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 115.03 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔مٹی کا تیل فی لیٹر 86.80 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل 84.77 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔اس سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روپے فی لیٹر تک کمی کی سفارش کی گئی تھی۔پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا تھا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق دستاویزات موصول ہوئی تھیں، دستاویزات موجودہ پیٹرولیم لیوی، جنرل سیلز ٹیکس اور درآمدی قیمت کی بنیاد پر تیار کی گئی ہیں۔دستاویزات کے مطابق ریگولیٹر نے پیٹرول کی قیمت میں 3.50 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا حساب لگایا تھا۔اسی طرح لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں بالترتیب 2 اور 3 روپے فی لیٹر کمی کا حساب لگایا گیا تھا۔واضح رہے کہ 15 اگست کو حکومت نے 119 روپے 80 پیسے فی لیٹر پر فروخت ہونے والے پیٹرول اور 116.53 روپے فی لیٹرل ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔دوسری جانب مٹی کے تیل کی قیمت 81 پیسے کے اضافے کے ساتھ 88 روپے 30 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت ایک روپے 10 پیسے اضافے کے ساتھ 85 روپے 77 پیسے کردی گئی تھی۔
219