اسلام آباد(اویس الحق سے)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان بیت المال کی جانب سے کینسر سے بچاؤ کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینسر کے خلاف لڑنا اس کو روکنا اور علاج تک رسائی کو یقینی بنانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔یہ دل دہلا دینے والا ہوتا ہے جب کسی مہلک بیماری سے لڑنے والے کے پاس مناسب دیکھ بھال کے وسائل کی کمی ہوتی ہے،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریاست صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم سمیت ضروری خدمات کی فراہمی کی ذمہ دار ہے اور موجودہ حکومت اس فرض کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل نے مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیت المال کا قیام کم اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کو طبی اور دیگر امدادی خدمات فراہم کرنے کے لیے کیا گیا تھا انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اسی وژن کے مطابق فلاحی ریاست کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں۔دور دراز علاقوں میں پی، بی,ایم کے کام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود تنظیم اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت ملک بھر میں مزدوروں، طلباء اور دیگر پسماندہ گروپوں تک اپنی خدمات کو مزید بڑھانے کے لیے پی،بی،ایم کو مضبوط کر رہی ہے انھوں کے کامیاب سیمینار پر پی،بی،ایم کی منیجنگ ڈائریکٹر شاہین خالد بٹ اور ان کی ٹیم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کینسر کے حوالے سے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا اور امید کی کہ آئندہ بھی ایسے سیمینار کا انعقاد کیا جائیگا تاکہ عوام میں شعور بیدار کیا جا سکے۔