ٹک ٹاک ڈیلیٹ نہ کرنے پر بیٹی کو قتل کرنے والا باپ راولپنڈی پولیس کی جانب سے گرفتار۔

راولپنڈی(اویس الحق سے)موبائل سے ٹک ٹاک ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ کے ہاتھوں بیٹی کے قتل کی اہم پیش رفت،پولیس نے بیٹی کو قتل کرنے والے ملزم اخلاق احمد کو گرفتار کرلیا۔ملزم کو تھانہ روات منتقل کرنے کے بعد تفتیش شروع کر دی۔ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل پستول برآمد کرلیا گیا۔راولپنڈی پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے تین ٹیمیں تشکیل دے رکھی تھیں۔ایک ٹیم کی سربراہی ایس، ایچ، او روات، دوسری انوسٹی گیشن یونٹ کے انچارج جمال کو سونپی گئی تھی جبکہ تیسری ٹیم خصوصی طور پر ملزم کی گرفتاری کے لیے روانہ کی گئی تھی۔اس کیس کی سربراہی سینیئر پولیس آفیسر کے سپرد کی گئی تھی۔تینوں ٹیموں کی سپر ویژن ایس پی صدر کو سونپی گئی تھی۔مقتول طالبہ مہک شہزادی میٹرک کی طالبہ تھی۔ملزم نے گزشتہ دوپہر اپنی بیٹی کو ٹک ٹاک ڈیلیٹ نہ کرنے پر گولی مار کر قتل کر دیا تھا جس کے بعد اب ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں