چوہدری نثار کی سیاست کے33سال

مسعود جیلانی‘ نمائندہ پنڈی پوسٹ
سابق وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان ایک مرتبہ پھر حلقہ کے دوروں کا آغاز کر چکے ہیں اس ضمن میں انھوں نے موضع کوری خدا بخش چک بیلی خان روڈ پر اور اس کے بعد موضع ڈھولیال میں جلسہ کیا موضع ڈھولیال کے جلسے کے بعد اپنی واٹس ایپ آئی ڈی پر پنڈی پوسٹ کے گروپ میں ایک ساتھی رجب علی کی جانب سے چوہدری صاحب کے جلسہ کی کاروائی پڑھی

جس میں چوہدری صاحب کے وہی دعوے جو ہم گذشتہ 33سالوں سے سنتے چلے آ رہے ہیں وہی دعوے تھے ان33سالوں سے آج تک جناب چوہدری صاحب نے کسی شخص کو یہ کہنے کی جرأ ت ہی نہ دی کہ وہ ان دعوؤں کو جھٹلائیں جو کوئی ایسا کرنے میں کامیاب ہو جاتا

اسے نشانِ عبرت بنانے کی کوشش کی جاتی لہٰذا سادہ لوح لوگ 33سال سے چوہدری صاحب کی ان باتوں کو درست تسلیم کرتے ہیں اور اس کا تجزیہ کرنے سے قاصر رہتے ہیں چوہدری نثار علی خان کے آبائی علاقے میں کوئی قابلِ ذکر صحافی بھی نہیں جو ان کے ان بیانات کو جھٹلا سکے اور کبھی کسی نے کوشش کی بھی تو انھوں نے اس کی زبان کھینچنے کی کوشش ضرور کی

میں بھی ایک صحافی ہوں اور اپنے ذہن میں آنے والے اور لوگوں سے سنے جانے والے تبصروں کو سامنے نہ لانے کو خیانت سمجھتا ہوں چوہدری صاحب کے لوگوں کی جانب سے انتقام کا نشانہ بننے کے باوجود چوہدری صاحب سے یہ ضرور کہوں گا کہ آپ جہاں یہ کہتے ہیں کہ آپ سچی بات منہ پہ کرنے کے عادی ہیں

وہاں آپ سچی بات سننے کا حوصلہ بھی رکھیں یہی ایک اچھے حکمران کی نشانی ہے میرے بھائی رجب علی کی جانب سے رپورٹ کئے گئے جلسہ کی کاروائی کا سطروار جواب تحریر کرنے کی کوشش کر رہاں ہوں جسے پڑھنے والوں کو اپنا تجزیہ کرنے میںآسانی ہوگی رپورٹ میں لکھا گیا کہ چوہدری نثار علی خان نے 42کلومیٹرطویل روڈ کا افتتاح کیا

اور کہا کہ33سال سے مجھ پر کرپشن اور پارٹی بدلنے کا الزام نہیں یہاں کئی سننے والے تو ضرور یہ سمجھیں گے کہ شاید یہ بہت بڑا کارنامہ ہے لیکن چوہدری صاحب آپ جس شخص کی قیادت میں کام کر رہے ہیں اسے ملک کی سب سے بڑی عدالت کرپٹ تو کیا گارڈ فادر اور مافیا کا نام دے چکی ہے

آپ کا نام اس شخص کی ٹیم میں بولا جاتا ہے پھر بھی آپ کرپشن سے پاک ہیں حالانکہ آپ سپریم کورٹ کے سند یافتہ کرپٹ کو ووٹ دیتے ہیںیہ تو آپ کے قائد کی بات ہے اس کے بعد آپ کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں کی طرف آتے ہیں آپ کے سب زیادہ قریب کام کرنے والا شخص شیخ اسلم جو ایک سکول ٹیچر تھا

اس کی اپنے گاؤں میں کوئی تین چار کنال زمین بھی نظر نہیں آ رہی تھی گاؤں کے غیر کاشتکار خاندانوں کے ساتھ اس کا ذکر ہوتا تھا آج اس کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیجئے اور اس کے ساتھ کام کرنے والے دوسرے سکول ٹیچر جن کی زمینیں اور جائیدادیں تھیں

ان کا بھی تقابل کر لیجئے ان لوگوں نے دولت کہاں سے حاصل کی اس کا تو پتا کروا دیجئے یہی آپ کی ایمانداری ہو گی آگے جناب چوہدری صاحب نے کہا کہ جب میں سیاست میں آیا تو علاقے میں نہ روڈ ،نہ بجلی،نہ پل اور گلیاں تک پکی نہ تھیں آج 33سال بعد علاقہ میں بجلی روڈ اور ہر گاؤں میں پکی گلیاں ہیں

جناب چوہدری صاحب ہم نے آپ کو اسمبلی میں ملک کے لئے بہترین قوانین بنانے کے لئے بھیجا ہے وہاں تو آپ اس قانون کے حق میں ووٹ ڈال کر آئے ہیں جس میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل کردہ آدمی کو سیاسی پارٹی کا سربراہ بنانے کی اجازت دی گئی ہے حالانکہ نااہل تو نکھٹو ہوتا آپ نے صرف یہ نہیں کیا بلکہ ختم نبوّت کے متنازعہ قانون پر بھی دستخط کئے باقی رہا

گلیاں پکی کرنے ولا معاملہ اس کے لئے تو ہم بلدیاتی چئیرمینوں اور کونسلروں کو منتخب کرتے ہیں جنہیں آپ اختیار ہی نہیں دیتے اور وہ بیچارے اپنی دکانوں پر بیٹھ کر کھل بیچ رہے ہوتے ہیں چوہدری صاحب کے جلسے سے یہ بھی رپورٹ کیا گیا کہ میرے والد اور میری طرح میرا بیٹا بھی علاقے کی خدمت کرے گا یہاں میں اپنے قابلِ قدر بزرگوں کی قبروں پر تبصرہ تو نہیں کرنا چاہتا

لیکن اتنا جواب دینا ضروری سمجھتا ہوں کہ ایک طرف تو آپ کہتے ہیں کہ آپ کے سیاست میں آنے سے پہلے علاقے میں ایک گلی تک تو پکی نہیں تھی یہ سب کچھ آپ نے آ کر کیا ہے تو پھر بزرگوں کی علاقے میں کونسی قابلِ قدر خدمت ہے آپ کی اپنی بات میں تضاد ہے ویسے میرا تو مشورہ ہے

کہ اب چکری سے باہر کسی اورکو خدمت کا موقع دیں کیونکہ آپ کی خدمت کے اس33سالہ دور میںآپ کے معتمد خاص کے گاؤں میں منشیات کی ہول سیل فیکٹری ہے آپ کے حلقہ میں موضع بینس، ٹھلہ ، رائیکا میرا، جوڑیاں ، چونترہ، پڑی ،بگا شیخاں یہ سب منشیات فروشی کے مراکز ہیں اور سب جرائم کا ہیڈ آفس روپڑ کلاں میں ہے

جہاں ان سب کا اجتماع ہوتا ہے آپ وزیرِ داخلہ رہ کر بھی یہ ختم نہ کرا سکے بلکہ اس دور میں یہ چیزیں بڑھیں آپ کے ساتھیوں کے گھروں سے جرائم پیشہ لوگ بھی پکڑے گئے کیا یہ سب خدمات ہیں جو آپ نے کیں میں نے ایسی ہی حق اور سچ باتیں لکھیں جن کی وجہ سے میرے خاندان کے لوگوں سمیت 9افراد کو خون میں نہلایا گیا ان کے خون کے چھینٹے بھی آپ کے دامن پر آتے ہیں اورجن لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا ہو

ان کے لئے لاکھوں گلیاں پکی ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا آپ نے کہا کہ آپ نے انہی اختلافات کی بنیاد پر وزارت چھوڑی لیکن آپ نے تو اسمبلی چھوڑنے کا بھی کہا تھا مگر پھر مکر گئے کیا یہ ہمارے ووٹوں کی توہین نہیں ہے آپ نے یہ کہا کہ میرے مخالفین کو جب کوئی بات نہیں آتی تو وہ مجھے غیر مسلم کہنا شروع کر دیتے ہیں چوہدری صاحب آپ اکثر اوقات اپنے پروگراموں میں چک بیلی خان کے نواحی موضع پنڈوڑی کی دو شخصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں

کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے حالانکہ وہ دونوں قادیا نی ہیں ان میں سے ایک ربوہ مین مدفون ہیں اور ایک بھائی کی قبر پر لگے ہوئے پتھر پر جماعتِ احمدیہ کا عہدیدار ہونے کا واضع ذکر ہے آپ کے اس عمل سے لوگ کیا تاثر لیں آپ خود ہی بتائیں

آپ نے کہا کہ اللہ نے جو آپ کو اختیار دیا آپ نے اس کا حق ادا کیا عزت عہدے میں نہیں کردار میں ہوتی ہے آپ کے عہدے کی طاقت کی وجہ سے میرے خاندان کے لوگوں کا خون ٹپکا، آپ کے عہدے کی طاقت کی وجہ سے ملک امیر خان اور سابق چئیر مین محمدتاج جیسے لوگوں نے ایسے لوگوں کے قتل کے مقدمات بھگتے جو ابھی زندہ تھے
میں نے آپ کو بالکل معاف نہیں کیا آپ کے مخالفین تو اسی امید پر زندہ ہیں کہ
پل بھر کے لئے تھی حکومت یزید کی
پھر صدیاں حسینؑ کی زمانے حسینؑ کے

اپنا تبصرہ بھیجیں