10 لاکھ بھارتی فوجی بھی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہ دبا سکے، شیخ وسیم اکرم

کلرسیداں (یاسر ملک)
10 لاکھ بھارتی فوجی بھی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہ دبا سکے، مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل ہی خطے کے پائیدار امن کی ضمانت ہے، شیخ وسیم اکرم۔ یومِ الحاقِ کشمیر کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے سینئر نائب صدر شیخ وسیم اکرم نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی کشمیری عوام کے اس تاریخی عزم کی یاد دلاتا ہے جب 1947 میں انہوں نے مکمل یکجہتی کے ساتھ پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا۔ یہ دن اس بات کا عکاس ہے کہ کشمیریوں کے دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔شیخ وسیم اکرم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سات دہائیوں سے حل طلب ہے اور لاکھوں کشمیری اپنے حقِ خودارادیت کے لیے قربانیاں دے چکے ہیں۔ بھارت کی جانب سے جاری ظلم و جبر، کرفیو، انسانی حقوق کی پامالی اور غیر قانونی قبضہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن صرف اس وقت ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ طاقت کے استعمال کی بجائے مذاکرات کا راستہ اپنائے اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق دے۔شیخ وسیم اکرم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں