مری(اویس الحق سے) ملکہ کوہسار مری میں یوم آزادی کے موقع پر گزشتہ برس ڈاکخانہ چوک سمیت مال روڈ پر ہونے والی ہلز باری کے پیش نظر اس سال تین دن کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت 12,13,14 اگست کو مال روڈ پر صرف سیاح فیملی کو آنے کی اجازت ہو گی جبکہ منچلوں کو مال روڈ کا رخ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی۔اگر ایسا کیا گیا تو قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
یہ فیصلہ مری میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے کیا گیا ہے۔تاہم عوامی حلقوں خصوصاً تاجروں کی جانب سے حکومت پنجاب کے اس فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 144 کے نفاذ سے کاروبار تباہ و برباد ہو کر رہ جائیگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ڈاکخانہ چوک میں مسلم لیگ نواز کے لگے ہوئے بینرز کے ساتھ بعض لوگوں نے غیر اخلاقی حرکتیں کی تھیں جس کے بعد پارٹی لیڈر شپ میں شدید غم و غصہ دیکھا گیا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں سال دفعہ 144 لگا کر امن کا ماحول قائم کرنے کی ایک کوشش کی گئی ہے تاکہ مری کو پر امن رکھا جا سکے۔