ہسپانوی نائب وزیر اعظم یولاندا دیاز اور وزیر برائے نوجوانان سیرا راگو پر اسرائیل میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

اسلام آباد(اویس الحق سے)اسرائیل نے اسپین کے دو اعلیٰ عہدیدار نائب وزیراعظم یولاندا دیاز اور وزیر برائے نوجوانان و اطفال سیرا راگو کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے یہ اقدام ان ہسپانوی وزراء کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو نسل کشی قرار دینے اور اسرائیل کے خلاف عالمی پابندیوں کا مطالبہ کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

اسرائیلی وزیرِ خارجہ گدیون سار نے اپنے بیان میں کہا کہ اسپین کی ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر نوجوانان پر مکمل سفارتی اور شخصی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پابندی کے شکار یہ دونوں اسرائیل کا دورہ نہیں کرسکیں گی اور اسرائیلی حکومت ان کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق برقرار نہیں رکھیں گی۔

اسرائیلی وزیر خارجہ گدیون سار نے الزام عائد کیا کہ دونوں ہسپانوی وزراء اسرائیل کے خلاف مسلسل غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں جن میں غزہ کی جنگ کو نسل کشی اور اسرائیل کو نسل کش ریاست کہا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ غیر ملکی حکام پر بھی اس نوعیت کی پابندیوں کے لیے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔

یاد رہے کہ اسپین کی نائن وزیراعظم یولاندا دیاز نے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کو انسانیت سوز قرار دیا تھا اور اسرائیل پر بین الاقوامی پابندیوں اور ہتھیاروں کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔