راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)
راولپنڈی ہائیکورٹ نے معروف روحانی شخصیت پیر سید اقبال حسین شاہ گیلانی کی ضمانت منظور کر لی ہے، جس کے بعد ان کے عقیدت مندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں خوشی کا اظہار کیا گیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
پیر سید اقبال حسین شاہ گیلانی کے خلاف چند روز قبل ایک متنازعہ بیان کی بنیاد پر ایک مذہبی جماعت کے رکن کی جانب سے تھانہ راولپنڈی میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ مقدمے کے اندراج کے بعد پیر صاحب کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، جس پر ان کے وکلاء نے ضمانت کی درخواست دائر کی۔
راولپنڈی ہائیکورٹ میں دونوں فریقین کے وکلاء نے اپنے دلائل پیش کیے، جس کے بعد عدالت نے پیر سید اقبال حسین شاہ گیلانی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
عدالتی فیصلے پر پیر صاحب کے مریدین اور چاہنے والوں نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیر سید اقبال حسین شاہ گیلانی ایک پرامن اور باوقار شخصیت ہیں، اور ان پر لگنے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پیر سید اقبال حسین شاہ گیلانی جلد اپنے روحانی و سماجی فرائض دوبارہ سنبھالیں گے۔
