کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) بار ایسوسی ایشن کلر سیداں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے پیر کے روز مکمل ہڑتال کی، جس کے باعث کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا۔
یہ ہڑتال راولپنڈی کچہری چوک میں جاری ترقیاتی منصوبے اور ری ماڈلنگ کے دوران عدالتوں کے راستے بند ہونے، ٹریفک کی رکاوٹوں اور پارکنگ کے ناقص انتظامات کے خلاف کی گئی۔وکلا برادری کا کہنا ہے کہ کچہری چوک میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث عدالتوں تک رسائی نہایت مشکل ہو گئی ہے، جس سے مقدمات کی سماعتیں متاثر ہو رہی ہیں اور وکلا کے ساتھ ساتھ سائلین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
صدر بار ایسوسی ایشن سید وقاص حیدر ایڈووکیٹ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ جب تک ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے وکلا کے لیے متبادل راستوں اور مناسب پارکنگ کا بندوبست نہیں کرتے، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسائل کا فوری حل نہ نکالا گیا تو وکلا برادری سڑکوں پر آ کر بھرپور احتجاج کرے گی۔وکلا رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے مخالف نہیں، تاہم ایسے اقدامات سے عدالتی نظام مفلوج نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں آنے والے سائلین، معزز ججز اور وکلا کے لیے محفوظ اور آسان رسائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔وکلا برادری نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر متبادل انتظامات کرے گی تاکہ عدالتی نظام معمول کے مطابق بحال ہو سکے۔