کوٹلی (نمائندہ خصوصی) آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں جواٸنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال پر شہر مکمل طور پر بند ۔ پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ شہر کو کھلوانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق کوٹلی سمیت آزاد کشمیر بھر میں موبائل فون کمپنیوں نے اپنی سروس گزشتہ روز سے معطل کر رکھی ہے، جبکہ انٹرنیٹ سروس کی بندش نے عوام کو دنیا بھر سے مکمل طور پر کاٹ کر رکھ دیا ہے۔ ان اقدامات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش سے نہ صرف عام شہری متاثر ہو رہے ہیں بلکہ بینکنگ سسٹم، تعلیمی ادارے، آن لائن کاروبار اور دیگر اہم شعبے بھی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب، انجمن تاجران اور مختلف مکاتب فکر کی جانب سے شہر میں رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج کو طاقت سے دبانا مسئلے کا حل نہیں بلکہ حالات کو مزید کشیدہ کرنے کے مترادف ہوگا۔
شہریوں اور سیاسی و سماجی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مطالبات کو سنجیدگی سے سنا جائے، انٹرنیٹ اور موبائل سروس فوری طور پر بحال کی جائے، اور شہریوں کے بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جائے