راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیرِ اہتمام امتحان انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول 2024کے سلسلہ میں چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے گورنمنٹ جامع ہائی سکول راولپنڈی کا دورہ کیا۔ دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویثرن اور حکومت پنجاب کی جانب سے جاری شدہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے مطابق امتحان انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول 2024 لیا جا رہا ہے ۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈاکٹر فرخ نوید سیکریٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب امتحان انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول 2024 کے امتحان میں سخت حکمت عملی سے بوٹی مافیہ کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ تمام امتحانی مراکز کی ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر موثر اور جامع نگرانی کروائی جا رہی ہے اور شامل امتحان امیدواران کو بہترین امتحانی سہولیات فراہم کرنا بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔
کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹائون، راولپنڈی، گورنمنٹ گرلز کالج فار ویمن، ڈھوک کالا خان، گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار بوائز اصغر مال، راولپنڈی، ایم سی ہائر سیکنڈری سکول فار بوائز اینڈ گرلز، گوجر خان کا دورہ کیا۔ دوے کے دوران انہوں نےامیدواران کی رول نمبر سلپس اور امتحانی مراکز میں روشنی کے انتظام کو چیک کیا۔ دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موبائل انسپکٹر نے امتحانی مرکز گورنمنٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹائون ، راولپنڈی میں 2 امیدواران معراج خان رول نمبر805380 اور غلاب حسین رول نمبر805382 کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ فوری طور پر ان دونوں کے خلاف یو ایم سی کیس رجسٹر کر کے مزید کاروائی کیلئے بورڈ دفتر کو بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بوٹی مافیا کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہترین شہرت کے حامل اساتذہ کرام کو امتحانی ڈیوٹی سونپی گئی ہے۔
سیکرٹری بورڈ پروفیسر آصف حسین نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول، چک بیلی خان کا دورہ کیا دورے کے دوران انہوں نے امتحانی مرکز کی سکیورٹی سی سی ٹی وی کیمرے اور صفائی کے انتظامات کو چیک کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے امتحانی عملہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی امتحانی ڈیوٹی قومی فریضہ سمجھ کر اد اکریں۔ آپ کی تمام تر توجہ آپ کی ڈیوٹی کی طرف مرکوز ہونی چاہیے بورڈ کی طرف سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔