کلر سیداں ڈینگی سرویلنس کے دوران نرسری سے لاروا برآمد، مختلف ہوٹلوں و دکانوں کے خلاف کارروائی

کلرسیداں (یاسر ملک)
کلر سیداں ڈینگی سرویلنس کے دوران نرسری سے لاروا برآمد، مختلف ہوٹلوں و دکانوں کے خلاف کارروائی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) کلر سیداں ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے اینٹمالوجسٹ غلام احمد خان سنبل اور تحصیل ہیلتھ انسپکٹر راجہ عبدالجبار کے ہمراہ ہفتہ کے روز ڈینگی سرویلنس مہم کے سلسلے میں کلر سیداں بائی پاس اور نواحی علاقہ شاہ باغ کا دورہ کیا۔معائنے کے دوران الجنت نرسری شاہ باغ سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جس پر محکمہ صحت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ اسی طرح منگال بائی پاس پر واقع اویس ٹائر شاپ اور پنڈی روڈ پر واقع پشاوری ڈیرہ ہوٹل میں صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے جس پر ان دونوں کے خلاف چالان تیار کر کے عدالت بھجوا دیے گئے۔ علاوہ ازیں حبہ صحابہ ہوٹل کے مالک کو ناقص صفائی کے باعث وارننگ جاری کی گئی اور ہدایت دی گئی کہ وہ فوری طور پر حالات بہتر بنائیں۔اس موقع پر ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے انسداد کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس جاری ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہوٹل و دکاندار مالکان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں اور اپنے اطراف میں پانی کے ذخائر ختم کریں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔ڈی ڈی ایچ او نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور ذرا سی بھی غفلت سے اجتناب کریں تاکہ ڈینگی جیسے موذی مرض پر قابو پایا جا سکے۔