کلرسیداں (یاسر ملک)
کلر سیداں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی، انسدادِ ڈینگی مہم تیز کر دی گئی۔محکمہ صحت کی ٹیمیں متحرک، پانچ روزہ اسپرے مہم کا آغاز، درجنوں مقامات پر چیکنگ۔تفصیلات کے مطابق ڈی ڈی ایچ او کلر سیداں ڈاکٹر فرحت ابراہیم کی خصوصی ہدایت پر محکمہ صحت کلر سیداں نے انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ یہ کارروائیاں اُس وقت تیز کی گئیں جب گزشتہ روز محلہ مغل آباد کے ایک رہائشی گھر سے زندہ ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔ڈینگی لاروا کی موجودگی کے بعد محکمہ صحت کی ٹیموں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے محلہ مغل آباد اور ملحقہ آبادیوں میں انسدادِ ڈینگی اسپرے کا آغاز کر دیا، جو آئندہ پانچ روز تک مسلسل جاری رہے گا۔ اسپرے مہم سے قبل محکمہ صحت کے تمام عملے کو ریفریشر ٹریننگ دی گئی تاکہ وہ جدید طریقوں اور احتیاطی تدابیر سے مکمل طور پر آگاہ ہوں۔ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر فرحت ابراہیم کے مطابق، محلہ شیخان میں بھی انسدادی مہم کے تحت سویپنگ کا عمل مکمل کیا گیا، جہاں ٹیموں نے بھرپور انداز میں گھر گھر جا کر معائنہ کیا۔ اس مہم میں چار سپروائزرز اور سات انڈور ٹیموں نے حصہ لیا، جنہوں نے مجموعی طور پر 219 رہائشی مکانات اور 43 مخصوص مقامات (ہاٹ اسپاٹس) کی جانچ کی۔ اس دوران 6 بند جگہوں اور 1 کھلی جگہ سے زندہ ڈینگی لاروا برآمد ہوا، جسے فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔محکمہ صحت کے مطابق علاقے میں مچھر مار اسپرے کے ساتھ ساتھ عوام کو ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں کے اندر اور باہر صفائی کا خاص خیال رکھیں، پانی کو جمع نہ ہونے دیں اور محکمہ صحت کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے صرف محکمہ صحت کی کوششیں کافی نہیں بلکہ شہریوں کی شرکت اور ذمہ داری بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام عوامی شراکت اور بروقت اقدامات سے ہی ممکن ہے۔
