کلرسیداں (یاسر ملک)
کلر سیداں میں دن دہاڑے تشدد، ضمانت جمع کرانے آئے شہری پر حملہ۔ کلر سیداں کے نواحی گاؤں موہڑہ دھیال سے تعلق رکھنے والے محمد ثاقب بھٹی نے تھانہ کلر سیداں میں دی گئی اپنی تحریری درخواست میں بتایا کہ اسے تحصیل کچہری کلر سیداں میں اشتیاق بٹ اور اس کے بیٹے کی جانب سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، قیمتی دستاویزات چھین لی گئیں اور جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق محمد ثاقب بھٹی مچلکہ ضمانت جمع کرانے کے لیے اپنے ساتھیوں کامران ولد محمد مقصود اور نوید ولد محمد سیموں کے ہمراہ تحصیل کچہری کلر سیداں آیا ہوا تھا۔ دن تقریباً 12 بجے کے قریب اشتیاق بٹ اور اس کے بیٹے، جنہیں درخواست گزار سامنے آنے پر پہچان سکتا ہے، نے اچانک اس پر حملہ کر دیا۔ثاقب بھٹی کے مطابق ملزمان نے اسے لاتوں اور مکوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، زمین پر گھسیٹا اور اس کے کپڑے پھاڑ دیے۔ دورانِ حملہ اشتیاق بٹ اور اس کے بیٹے نے اسے گولی مار کر قتل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اس سے ایک اسٹام پیپر اور دو چیک چھین لیے۔ ان میں سے ایک چیک عسکری بینک سے ان کی والدہ کا جاری کردہ تھا۔درخواست میں محمد ثاقب بھٹی نے بتایا کہ وہ بمشکل اپنی جان بچا کر موقع سے فرار ہوا اور اب اسے اپنی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ اس نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر اس کے ساتھ کسی قسم کا نقصان یا حادثہ پیش آیا تو اس کے ذمہ دار اشتیاق بٹ اور اس کا بیٹے ہوں گے۔تھانہ کلر سیداں پولیس نے محمد ثاقب بھٹی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔