کلر سیداں میں اسلحہ کے زور پر ڈکیتی، مزاحمت پر خنجر کے وار سے شخص زخمی، 17 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) اسلحے کے زور پر رقم اور موبائل فون چھیننے اور مزاحمت کرنے پر خنجر سے حملہ کر کے شخص کو زخمی کرنے کے الزام میں 17 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔علی رضا ولد محمد اشفاق سکنہ موہڑہ دھیال نے پولیس کو بتایا کہ ہفتہ کے روز وہ اپنے بھائی تبسم رضا کے ہمراہ اپنی ٹیوٹا ہائی ایس گاڑی میں ٹریولز اڈہ سے راولپنڈی جا رہا تھا کہ اسی دوران عمیر، شاہنواز عرف شانی برمی، لالی، گلا سرفراز، علی برمی، اختیاز ستی، ذاکر حسین قاضی اور آٹھ، نو نامعلوم افراد مسلح اسلحہ و خنجر سامنے آ گئے۔

شاہنواز نے 30 بور پستول سیدھا تان لیا جبکہ گلا نامی شخص نے اسی نوعیت کے پستول کے زور پر گاڑی کا دروازہ کھول کر مجھے نیچے اتار لیا۔ اسی دوران محمد عمران نے میرے بھائی تبسم رضا کو گاڑی سے نیچے اتار کر گن پوائنٹ پر 35 ہزار روپے نقدی اور موبائل فونز چھین لیے۔ مزاحمت کرنے پر محمد عمیر نے خنجر کا وار کیا جو تبسم رضا کے سر پر لگا اور وہ زخمی ہو گیا۔متاثرہ فریق کے مطابق شور سن کر عدنان سمیت دیگر لوگ موقع پر پہنچ گئے جس پر ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔