کلر سیداں منڈی مویشیاں کے سامنے کھڑا بارش کا پانی، ٹریفک اور راہگیر دونوں متاثر

کلرسیداں (یاسر ملک)کلرسیداں میں منڈی مویشیاں کے سامنے کھڑا پانی، گاڑیاں اور راہگیر مشکلات کا شکار۔منڈی مویشیاں کے سامنے روڈ تالاب میں تبدیل۔ سڑک کو مستقل بنیادوں پر مرمت کیا جائے تاکہ مشکلات کا خاتمہ ہو سکے،اہلیان علاقہ۔تفصیلات کے مطابق کلرسیداں میں حالیہ بارش کے بعد شہری مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ منڈی مویشیاں کے سامنے مرکزی سڑک بارش کے پانی سے لبالب بھر گئی ہے اور ایک بڑے تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے۔ سڑک پر پانی جمع ہونے کے باعث نہ صرف گاڑیاں بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔مقامی دکانداروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو نکاسی آب کے ناقص نظام سے آگاہ کیا گیا مگر کوئی عملی اقدام نہ اٹھایا گیا۔ گندے پانی کی وجہ سے نہ صرف تعفن پھیل رہا ہے بلکہ مچھروں کی افزائش بھی بڑھ رہی ہے، جس سے صحت عامہ کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور منڈی مویشیاں کے سامنے سڑک کو مستقل بنیادوں پر مرمت کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے

اپنا تبصرہ بھیجیں