کلر سیداں محکمہ صحت کی بڑی کارروائی، غیر قانونی کلینکس اور ناقص طبی مراکز کے خلاف سخت ایکشن

کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں میں محکمہ صحت کی جانب سے غیر معیاری علاج اور غیر قانونی طور پر چلنے والے طبی مراکز کے خلاف ایک بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فرحت ابراہیم کی قیادت میں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولز اور تحصیل ہیلتھ عملے نے دہان گلی (آزاد کشمیر) سے لے کر کلر سیداں شہر تک متعدد کلینکس اور میڈیکل سٹورز کا اچانک معائنہ کیا۔

ٹیم میں تحصیل ہیلتھ انسپکٹر عمران توقیر اور اینٹمالوجسٹ غلام احمد خان سنبل بھی شامل تھے۔کارروائی کے دوران طبی سہولیات کی قانونی حیثیت، صفائی ستھرائی، استعمال ہونے والے آلات اور ادویات کے معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ معائنے میں اسلام آباد ڈینٹل کلینک، سٹی لیب، المصطفی میڈیکل سنٹر، آصف ڈینٹل کیئر کلینک، نور آئی میڈیکل کیئر سنٹر اور بابو اللہ دتہ آئی کلینک شامل تھے۔نور آئی میڈیکل کیئر سنٹر کی رجسٹریشن نہ ہونے پر فوری چالان جاری کیا گیا۔آصف ڈینٹل کیئر کلینک میں صفائی اور سینیٹائزیشن کے ناقص انتظام پر سخت تنبیہ دی گئی۔بابو اللہ دتہ آئی کلینک میں آٹو کلیو مشین کے ساتھ رکھی گئی پلاسٹک کی بالٹی سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر ڈینگی کنٹرول ایس او پیز کی خلاف ورزی کے تحت قانونی کارروائی کی گئی اور انتظامیہ کو صفائی اور ماحول کی اصلاح کے واضح احکامات دیئے گئے۔

المصطفی میڈیکل سنٹر کی فارمیسی میں زائد المیعاد ادویات برآمد ہونے پر ڈپٹی ڈرگ کنٹرولز مصباح نورین نے سنٹر کا چالان کر دیا۔اس موقع پر ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر منظور شدہ کلینکس اور غیر تربیت یافتہ افراد کے ہاتھوں علاج کروانا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ معالج کا انتخاب ہمیشہ لائسنس یافتہ اور مستند اداروں سے کیا جائے اور اگر کسی علاقے میں مشکوک ڈاکٹر یا غیر قانونی علاج گاہ کا شبہ ہو تو اطلاع فوراً محکمہ صحت کو دی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ انسانی صحت سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔