کلر سیداں لیبارٹری رپورٹ میں دودھ مضرِ صحت قرار، مالک و ملازم کے خلاف مقدمہ درج

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کلر سیداں نے ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت پر کارروائی کرتے ہوئے دکاندار اور ورکر کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر گوجر خان روڈ پر واقع بسم اللہ دودھ شاپ سے دودھ کے نمونے حاصل کیے۔ لیبارٹری تجزیے کے بعد دودھ کو غیر معیاری اور مضرِ صحت قرار دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق دودھ کا معیار مقررہ اصولوں کے مطابق نہیں تھا، جو پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011ء کی خلاف ورزی ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ دودھ انسانی صحت کے لیے خطرناک پایا گیا، جس پر دکان پر موجود ورکر ضمیر حیدر اور دکان کے مالک ملک سلیم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

کارروائی کے دوران دکان سے ملاوٹ شدہ دودھ برآمد کر کے تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔فوڈ اتھارٹی ذرائع کے مطابق عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور ناقص و ملاوٹ شدہ اشیائے خوردونوش کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ ملاوٹ یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.