کلرسیداں (یاسر ملک)
کلر سیداں فرسٹ ایئر داخلوں کے لیے میڈیکل تصدیق لازم، کالج پرنسپل کی کوششیں رنگ لے آئیں،داخلے جاری، آخری تاریخ 2 اگست، کلاسز کا آغاز 15 اگست سے ہوگا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائیر ایجوکیشن اتھارٹی پنجاب کی جانب سے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں داخلے کے خواہشمند طلبہ و طالبات کے لیے میڈیکل پروفائل کی تصدیق کسی مستند میڈیکل آفیسر سے کروانا لازم قرار دے دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کلر سیداں کی پرنسپل شگفتہ حفیظ نے ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں کو تحریری طور پر درخواست دی کہ وہ طالبات کی ہیلتھ پروفائل کی تصدیق کے لیے میڈیکل سہولت فراہم کریں، تاہم ایم ایس نے میڈیکل افسران کی کمی کو جواز بناتے ہوئے معاملہ ڈی ڈی ایچ او کے سپرد کر دیا۔
ڈی ڈی ایچ او نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ یہ کام ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، جس کے باعث معاملہ التوا کا شکار رہا۔ تاہم معززین علاقہ کی مداخلت اور پرنسپل کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں ایم ایس اس بات پر آمادہ ہو گئیں کہ کسی ایک دن میڈیکل آفیسر خود کالج آ کر تمام طالبات کی میڈیکل تصدیق کا عمل مکمل کریں گے۔ادھر پرنسپل کالج شگفتہ حفیظ نے بتایا ہے کہ کالج میں انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے داخلے جاری ہیں،
جن میں پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، جنرل سائنس، آئی ٹی اور آرٹس گروپس شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 اگست مقرر کی گئی ہے، جبکہ کلاسز کا باقاعدہ آغاز 15 اگست سے کیا جائے گا۔ طلبہ و طالبات کے لیے تعارفی سیشن (Orientation) 11 اگست کو منعقد کیا جائے گا۔پرنسپل کے مطابق میٹرک امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو PEEF اور MoRA اسکالرشپس کے تحت فیس سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔ کالج میں فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی کی جدید لیبارٹریز، کمپیوٹر لیب، اور وسیع لائبریری سمیت تمام تعلیمی سہولیات میسر ہیں جبکہ تمام مضامین کی تدریس تجربہ کار و اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کی زیر نگرانی جاری ہے۔انہوں نے والدین اور طالبات سے اپیل کی کہ وہ بروقت داخلے کے لیے رجوع کریں اور اس بہترین تعلیمی ادارے کی سہولیات سے استفادہ حاصل کریں۔