کلرسیداں (یاسر ملک)
کلر سیداں سڑک کنارے 53 سالہ شخص کی لاش برآمد، پولیس تحقیقات میں مصروف۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی علی الصبح تقریباً ساڑھے چار بجے سٹی ٹریفک پولیس کلر سیداں کو ٹیلی فون کے ذریعے اطلاع ملی کہ کنوہا کے مقام پر سڑک کنارے ایک شخص کی لاش پڑی ہوئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کلر سیداں منتقل کر دیا۔ہسپتال پہنچنے پر لاش کی جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کی مدد سے متوفی کی شناخت محمد اشتیاق سکنہ ٹکال، عمر 53 سال کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے لواحقین کو اطلاع دے کر فوری طور پر ہسپتال بلوا لیا۔ابتدائی میڈیکل معائنے کے مطابق متوفی کے سر پر کلہاڑی کے وار کے نشانات پائے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے گلے میں ایک کلہاڑی بھی لٹکی ہوئی تھی، جس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔ لواحقین کے مطابق محمد اشتیاق کافی عرصے سے ذہنی دباؤ اور عدم توازن کا شکار تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ متوفی کسی قاتلانہ حملے کا نشانہ بنے یا ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے۔ اصل صورتحال جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تفتیش ہر پہلو سے جاری ہے۔
