کلر سیداں سابق داماد پر مبینہ اغواء کا مقدمہ درج

کلر سیداں (یاسر ملک)
سابق داماد پر مبینہ اغواء کا مقدمہ درج۔بگلہ کے رہائشی محمدعرفان نے تھانہ کلر سیداں میں سابق داماد کے خلاف بیٹی اور نواسے کو اغواء کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرا دیا۔درخواست گزار محمد عرفان کے مطابق اس کی بیٹی میمونہ مقدس کی شادی تقریباً چار سال قبل نعمان حسین سکنہ ڈیرہ خالصہ سے ہوئی تھی۔ شادی کے چند ماہ بعد گھریلو ناچاقی کے باعث میمونہ ناراض ہو کر والدین کے گھر آ گئی۔ بعد ازاں اس کے ہاں ایک بیٹے کی ولادت ہوئی، جس کے بعد نعمان نے صلح صفائی کر کے اہلیہ کو دوبارہ ساتھ لے گیا، لیکن کچھ عرصہ بعد اسے مبینہ طور پر مار پیٹ کر کے دوبارہ والدین کے گھر چھوڑ گیا اور پھر مختلف اوقات میں بذریعہ اشٹام تین طلاقیں بھیج دیں۔محمد عرفان نے بتایا کہ ان کا نواسہ قریبی گھر میں ٹیوشن پڑھنے جاتا ہے، جہاں اسے چھوڑنے کے لیے میمونہ گئی، مگر کافی دیر گزرنے کے بعد بھی واپس نہ آئی۔ جب ٹیوشن والے گھر سے معلومات لی گئیں تو معلوم ہوا کہ وہ وہاں پہنچی ہی نہیں تھی۔ شام چھ بجے کے قریب عرفان کی اہلیہ کے موبائل پر نعمان حسین کی والدہ کی مس کال آئی، جس پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو بتایا گیا کہ کال غلطی سے کی گئی تھی اور فوراً کال کاٹ دی گئی۔محمد عرفان کو شک ہے کہ اس کی بیٹی اور نواسے کو نعمان حسین اور اس کے اہل خانہ نے اغواء کر لیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں