کلر سیداں تکمیلِ قرآن کی بابرکت تقریب، جامع مسجد مکی میں 24 رمضان کو منعقد ہوگی

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ ) کلرسیداں جامع مسجد مکی میں عظمتِ قرآن کانفرنس، ممتاز علما خطاب کریں گے۔تفصیلات کے مطابق کلر سیداں شہر کی معروف عبادت گاہ جامع مسجد مکی کلر سیداں میں تکمیلِ قرآنِ کریم کی بابرکت تقریب کے سلسلے میں 24 رمضان المبارک کی شب (پچیسویں شب) نمازِ تراویح کے بعد عظمتِ قرآن کانفرنس منعقد ہو گی۔

جس میں ممتاز علما اور ثناء خوانان شرکت کریں گے۔تقریب میں فخرالسادات اور جید عالمِ دین مولانا سید شفیق الرحمن کاظمی خصوصی طور پر شریک ہوں گے اور اختتام پر اجتماعی دعا بھی کروائیں گے۔ اس موقع پر نوجوان خطیب اور معروف نقیب خرم بلال منہاس قرآنِ کریم کی عظمت اور اس کی تعلیمات پر خصوصی خطاب کریں گے۔

کانفرنس کے دوران حافظ عبدالوہاب تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ ثناء خوانِ مصطفیٰ ﷺ مولانا زاہد افضل بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کریں گے۔جامع مسجد مکی کی انتظامیہ اور خطیب مسجد مولانا محمد فرحان عباسی نے اہلِ علاقہ اور عاشقانِ قرآن سے اپیل کی ہے کہ وہ اس روح پرور اور بابرکت محفل میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں۔