کلر سیداں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں معذوری بورڈ کا اجلاس، مستحق افراد کے کیسز کا تفصیلی جائزہ

کلرسیداں (یاسر ملک) کلر سیداں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں معذوری بورڈ کا اجلاس، مستحق افراد کے کیسز کا تفصیلی جائزہ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کلر سیداں میں گزشتہ روز معذوری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف درخواست گزاروں کی معذوری سے متعلق رپورٹس اور شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے ماہرین، میڈیکل افسران اور متعلقہ کمیٹی ارکان شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران کل 61 درخواستیں بورڈ کے سامنے پیش کی گئیں۔ ان میں سے 46 افراد کو طبی بنیادوں پر معذور قرار دے کر متعلقہ سرکاری سہولیات کے لیے اہل قرار دیا گیا۔ مزید 5 کیسز کو تفصیلی معائنہ اور اعلیٰ سطحی طبی جانچ کے لیے ریفر کر دیا گیا۔ اس کے برعکس 9 افراد کو معذوری کے زمرے میں شامل نہ کیا گیا کیونکہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان میں مستقل معذوری کے شواہد موجود نہیں تھے۔ ایک درخواست کو تکنیکی وجوہات کی بنا پر زیر التواء رکھ دیا گیا۔میڈیکل افسران نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معذوری بورڈ کا مقصد صرف اصل مستحقین کو سہولت دینا ہے تاکہ وہ سرکاری امداد اور دیگر سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر مستحق افراد کی حوصلہ شکنی اور مستحقین کی بروقت رہنمائی ان اجلاسوں کی اولین ترجیح ہے۔شہریوں اور معززینِ علاقہ نے معذوری بورڈ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے راستے ہموار ہوں گے۔ عوامی نمائندوں نے بھی مطالبہ کیا کہ اس قسم کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد بروقت سہولت حاصل کر سکیں۔