۔
کلرسیداں (یاسر ملک)
کلر سیداں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چند بچے تالاب میں نہاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ واقعے پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عرفان علی کاٹھیا نے فوری نوٹس لیا اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ڈی سی راولپنڈی نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بچے نہاتے ہوئے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں ان مقامات پر نہانے سے سختی سے روکیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دفعہ 144 کے نفاذ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
