کلرسیداں کے طالبعلم کو نشہ دے کر اغواء کر لیا گیا، ٹرین کے ذریعے لاہور منتقل کرتے ہوئے لالہ موسیٰ میں بچ نکلنے میں کامیاب

کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلرسیداں کے نواحی علاقے کا 15 سالہ، کلاس نہم کے طالبعلم کو نشہ اوور چیز سونگھا کر اغواء کر لیا گیا۔ اغواء کار طالبعلم کو نیم بے ہوشی کی حالت میں ٹرین کے ذریعے لاہور لے جا رہے تھے کہ اسی دوران ریلوے اسٹیشن لالہ موسیٰ میں ہوش میں آنے کے بعد ٹرین سے اتر کر اغواء کاروں کے چنگل سے اپنے آپ کو آزاد کر لیا اور ریلوے اسٹیشن پر موجود ایک دکاندار کے پاس پہنچ کر اسے تمام تر صورتحال سے آگاہ کر دیا اور والد کے موبائل فون پر رابطہ کرنے کی درخواست کی جس کے بعد مغوی کا والد بھی اپنے بیٹے کو لینے لالہ موسیٰ پہنچ گیا ۔

طالب علم ایان نعیم نے والد کو بتایا کہ سکول کی گاڑی سے اتر کر سکول کی طرف پیدل جا رہا تھا کہ اسی دوران کسی نے اسے نشہ اوور چیز سنگھا دی اور جب ہوش آیا تو وہ لالہ موسیٰ پہنچ چکا تھا۔طالبعلم کو یہ بھی معلوم نہ ہو سکا کہ وہ کب اور کیسے اپنے گھر سے میلوں دور پہنچ چکا ہے اور بیٹے کو اغواء کاروں کے چنگل سے بحفاظت گھر لے آئے ۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بچوں کو نشہ آور اشیاء کے ذریعے اغواء کرنا ایک انتہائی خطرناک رجحان بنتا جا رہا ہے۔

عوامی حلقوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری کارروائی کرتے ہوئے اغواء کی اس کوشش میں ملوث عناصر کو گرفتار کرے اور ٹرینوں و عوامی مقامات پر سیکیورٹی سخت کی جائے۔
والدین کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اجنبی افراد سے کوئی بھی چیز لینے سے سختی سے منع کریں، کیونکہ ذرا سی غفلت ایک بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔