56

کلرسیداں کے بچوں کو صحت مند تفریح کب میسر آئے گی

کلر سیداں ( یاسر ملک ) کلرسیداں میں پبلک پارک تعمیر کیا جائے،پبلک پارک کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔شہریوں کو بچوں کی سیر کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، کلرسیداں جیسے اہم اور گنجان آباد شہر میں ایک بھی معیاری پارک نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے،شہر میں ایک جدید اور سہولیات سے آراستہ پبلک پارک کی تعمیر کا اعلان کیا جائے۔

کلرسیداں کے شہریوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں فوری طور پر پبلک پارک کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ بچوں اور اہلِ خانہ کو تفریح کے لیے بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کلرسیداں میں پبلک پارک نہ ہونے کے باعث بچوں کو سیر و تفریح کے لیے دوردرازشہروں راولپنڈی، مری یا دیگر مقامات پر لے جانا پڑتا ہے،

جو اس مہنگائی کے دور میں متوسط طبقے کے لیے ایک اضافی بوجھ بن چکا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو حکومت صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی بات کرتی ہے، دوسری جانب چھوٹے شہروں میں بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں۔ پارک نہ ہونے کی وجہ سے بچے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور موبائل فون، ویڈیو گیمز اور دیگر غیر صحت مند مشاغل میں وقت گزارنے پر مجبور ہیں۔ اس سے ان کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی نشو و نما بھی متاثر ہو رہی ہے۔

کلرسیداں کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے والدین نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کو تفریح کے لیے راولپنڈی یا دیگر مقامات پر لے کر جاتے ہیں، جہاں کا سفر نہ صرف وقت طلب ہے بلکہ پٹرول کی قیمتوں اور دیگر سفری اخراجات کے باعث جیب پر بھاری بھی پڑتا ہے۔ ایسے میں اگر کلرسیداں میں ہی ایک معیاری پبلک پارک بنا دیا جائے تو شہریوں کو بڑی سہولت حاصل ہو گی۔والدین نے شکایت کی کہ کلرسیداں جیسے اہم اور گنجان آباد شہر میں ایک بھی معیاری پارک نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ کلرسیداں کے عوامی مطالبے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور جلد از جلد شہر میں ایک جدید اور سہولیات سے آراستہ پبلک پارک کی تعمیر کا اعلان کیا جائے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں