کلرسیداں میں مرغی کے نرخ بے قابو، دکانداروں کی من مانی عروج پر

کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلرسیداں میں مرغی کے نرخ بے قابو، دکانداروں کی من مانی عروج پر۔تفصیلات کے مطابق کلرسیداں شہر میں چکن کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہونے کے بعد صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ کلرسیداں میں مرغی 600 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ بیشتر دکاندار سرکاری نرخنامے کی پابندی سے بچنے کے لیے غلط اور گمراہ کن ریٹ لسٹیں آویزاں کیے ہوئے ہیں۔کچھ دوکاندار نے 400 روپے فی کلو کا نرخ لکھ رکھا ہے،

مگر چھان بین کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ اسے صرف ونگز کا ریٹ قرار دیتے ہیں۔دوسری جانب چند دکانوں پر 450 روپے کی قیمت درج ہے اور وہاں عملہ اسے لیگ پیس کا سرکاری ریٹ کہہ کر اصل قیمت چھپانے کی کوشش کرتا ہے۔ایک جگہ 540 روپے کی ریٹ لسٹ لگی ہوئی ہے مگر فروخت پھر بھی 600 روپے ہی پر کی جا رہی ہے۔شہریوں کے مطابق دکانداروں کی اس ہٹ دھرمی نے روزمرہ بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم موجودگی نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔

کلرسیداں کے شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری کارروائی کر کے مصنوعی مہنگائی اور جعلی ریٹ لسٹوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ صارفین کو ریلیف مل سکے۔