کلرسیداں (یاسر ملک)
کلرسیداں میں زائد کرایے، اوورلوڈنگ اور پریشر ہارن کا راج، شہری اذیت میں مبتلا، ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔کلرسیداں اور گردونواح کے علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بگڑ کر رہ گیا ہے۔ مسافر گاڑیوں میں من مانے کرایے، مسافروں کی حد سے زائد تعداد، اور جگہ بے جگہ پریشر ہارن کے استعمال نے شہریوں کی زندگی کو عذاب بنا دیا ہے۔شہری حلقوں کے مطابق ٹرانسپورٹرز سرکاری کرایہ نامے کو مکمل نظر انداز کرتے ہوئے اپنی مرضی سے کرایے وصول کر رہے ہیں۔ دوسری جانب، گاڑیوں میں مسافروں کو جانوروں کی طرح ٹھونس دیا جاتا ہے، جس سے نہ صرف سفر غیر محفوظ ہو گیا ہے بلکہ کسی بڑے حادثے کا خدشہ بھی ہر وقت منڈلاتا رہتا ہے۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ پریشر ہارن کا اندھا دھند استعمال اب معمول بن چکا ہے، جو نہ صرف شور کی آلودگی کا سبب بن رہا ہے بلکہ خواتین،مریضوں،بچوں، اور بزرگوں کے لیے شدید تکلیف دہ ثابت ہو رہا ہے۔اہلیانِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کلرسیداں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، کرایوں کی نگرانی، اوورلوڈنگ پر پابندی اور غیر ضروری ہارن کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
