کلرسیداں(حماد چوہدری )کلرسیداں سے راولپنڈی راجہ بازار جانے والی اے سی کوسٹرز شہریوں کے لیے سہولت بننے کے بجائے پریشانی کا باعث بن گئی ہیں۔ مسافروں کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ ان گاڑیوں میں اوور لوڈنگ، مقررہ کرایے سے زائد رقم وصول کرنا، اور عملے کی بدتمیزی معمول بن چکی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق، گاڑیوں میں گنجائش سے کہیں زیادہ مسافروں کو بٹھایا جاتا ہے، جس سے نہ صرف سفر کا معیار متاثر ہوتا ہے بلکہ کسی بھی ممکنہ حادثے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس کے باوجود، راولپنڈی ٹریفک پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اس صورت حال پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے شاید کسی بڑے حادثے کے منتظر ہیں تاکہ تب جا کر کوئی کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی طرزِ عمل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
