کلرسیداں ریسکیو 1122 کا آفیشل میڈیا گروپ غیر فعال

کلرسیداں (یاسر ملک) کلرسیداں ریسکیو 1122 کا آفیشل میڈیا گروپ غیر فعال، صحافیوں کو مشکلات کا سامنا۔تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 کلرسیداں کا آفیشل میڈیا گروپ کئی ماہ سے غیر فعال ہے جس کے باعث مقامی صحافیوں کو بروقت اور مصدقہ اطلاعات کے حصول میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔میڈیا گروپ کی معطلی کے بعد صحافیوں کو ہنگامی نوعیت کی خبروں اور حادثات کی کوریج کے لیے درکار معلومات تک رسائی محدود ہو گئی ہے، جس سے نہ صرف عوام تک درست خبر پہنچانے کا عمل متاثر ہو رہا ہے بلکہ افواہوں اور غیر مصدقہ معلومات کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔صحافتی حلقوں نے ریسکیو 1122 کی ضلعی و مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا گروپ کو فوری طور پر بحال کیا جائے یا صحافیوں کے لیے کوئی متبادل آفیشل پلیٹ فارم مہیا کیا جائے تاکہ بروقت اور درست معلومات کی ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔