کلرسیداں(یاسر ملک)
کلرسیداں بھلاکھر میں 11 کنال اراضی پر قبضے کی کوشش، مقدمہ درج۔کلر سیداں کے نواحی گاؤں بھلاکھر میں قبضہ گروپ کی جانب سے مبینہ طور پر 11 کنال زرعی اراضی پر ناجائز قبضے کی کوشش، زمین کے مالک کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق محمد نذیر ولد محمد قاسم سکنہ جناح کالونی کلر سیداں نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھلاکھر میں واقع 11 کنال زمین اس کی ملکیت ہے، جس پر وہ گزشتہ پانچ سال سے باقاعدہ باڑ لگا کر کاشتکاری کر رہا ہے۔
مدعی کے مطابق وہ جب گزشتہ روز اپنی زمین پر پہنچا تو اس نے دیکھا کہ باڑ کا تالا توڑ کر چند افراد زمین میں داخل ہو چکے ہیں اور اراضی پر ناجائز قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔مدعی کے بیان کے مطابق اس قبضے کی پشت پناہی ماسٹر ارشد سکنہ کالیاں دوبیرن کلاں کر رہا ہے، جو مبینہ طور پر ایک منظم قبضہ گروپ سے تعلق رکھتا ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ ملزمان مختلف علاقوں میں لوگوں کی ملکیتی زمینوں پر ناجائز طور پر قابض ہو کر انہیں ہتھیا لیتے ہیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔