کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلرسیداں کے محلہ بٹ کالونی میں چوری کی واردات میں نامعلوم ملزمان نے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کر لیا۔ محمد فاروق نے بتایا کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ راولپنڈی گئے ہوئے تھے رات ایک بجے کے قریب گھر واپس لوٹے تو گھر کے تالے ٹوٹے ہوئے اور کمروں میں سامان بکھرا پڑا تھا۔
جانچ پڑتال کے بعد پتہ چلا کہ نامعلوم ملزمان نے ہماری عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لاکھوں روپے کی نقدی، چھ تولے وزنی طلائی زیورات ، ایل سی ڈیز، دو عدد ایل ای ڈیز، دو عدد لیپ ٹاپس، استریاں اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کر لیں۔ تھانہ کلر سیداں پولیس کے اے ایس آئی محمد جاوید مصروف تفتیش ہیں۔