اسلام آباد: کاک پل کے قریب آئل ٹینکر کہوٹہ روڈ سے نیچے گر کر آگ کی لپیٹ میں، علاقہ میں شدید خوف و ہراس
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) – وفاقی دارالحکومت میں کاک پل کے مقام پر واقع تھانہ سہالہ کے سامنے ایک تیز رفتار آئل ٹینکر کہوٹہ روڈ سے نیچے جا گرا جس کے بعد اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے باعث اسلام آباد ہائی وے پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق آئل ٹینکر تیل سے بھرا ہوا تھا اور تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری۔ گرنے کے فوراً بعد آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی اور شعلے بلند ہونے لگے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹرز نے بھرپور کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آئل ٹینکر مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجہ تیز رفتاری اور ممکنہ بریک فیل ہونا بتایا جا رہا ہے، تاہم مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ ٹینکر کے ڈرائیور اور ہیلپر کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ادھر حادثے کے بعد اسلام آباد ہائی وے اور کہوٹہ روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور آگ کے شعلے کئی فٹ بلند تھے، جس کے باعث آس پاس کی دکانوں اور شہریوں میں خوف کی فضا قائم ہو گئی۔
پولیس اور ریسکیو اداروں نے جائے حادثہ کو کلیئر کر کے ٹریفک کی روانی بحال کر دی ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط ڈرائیونگ کریں اور بھاری گاڑیوں کی حالتِ زار کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیتے رہیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔’