راولپنڈی(اویس الحق سے)پنجاب ایمرجنسی سروس 1122 کی جانب سے مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ڈی،جی پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کی خصوصی ہدایات پر مون سون سیزن کے پیشِ نظر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع احتیاطی تدابیر جاری کر دی گئی.مون سون بارشیں جہاں خوشگوار موسم کا پیغام لاتی ہیں تو وہیں یہ بعض اوقات خطرناک ہنگامی حالات کا سبب بھی بن سکتی ہیں ایسےمیں شہریوں کا محتاط اور ذمہ دار رویہ ہی سب سے مؤثر دفاع ثابت ہو سکتا ہے.برقی تاروں اور کھمبوں کو گیلی حالت میں ہرگز نہ چھوئیں،
ٹوٹی ہوئی یا ننگی تاروں سے دور رہیں اور جانوروں کو بھی ان کے قریب نہ لے جائیں.گرج چمک کے دوران درختوں کے نیچے پناہ نہ لیں کیونکہ آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، برقی آلات کو بارش کے دوران استعمال کرتے وقت احتیاط برتیں، بہتے یا کھڑے پانی میں چلنے یا گاڑی چلانے سے گریز کریں،بچوں کو بارش میں نہانے سے روکیں تاکہ وہ کسی خطرے کا شکار نہ ہوں۔سڑکوں پر پانی کے نیچے چھپی رکاوٹیں اور گڑھے حادثے کا باعث بن سکتے ہیں اس لئے احتیاط رکھیں۔ بارش میں گاڑی آہستہ چلائیں اور گیئر شفٹنگ میں چھوٹے گیئروں کا استعمال کریں.گاڑی کی ہیڈلائٹس اور فوگ لائٹس آن رکھیں
،اچانک بریک یا تیز رفتاری سے مکمل اجتناب کریں مزید کہا گیا ہے کہ مون سون کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کے کنارے جانا خطرناک ہو سکتا ہے، پانی کے تیز بہاؤ اور ممکنہ طغیانی سے ہوشیار رہیں،کمزور یا پرانی چھتوں اور دیواروں کے نیچے بیٹھنا یا کھڑا ہونا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے،تیز ہواؤں کے دوران درختوں، کھمبوں یا سائن بورڈز کے نیچے پناہ نہ لیں،شہریوں کی آگاہی اور تعاون نہایت ضروری ہے، ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی ایک محفوظ معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے مقامی آبادی اور شہریوں سے گزارش ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً ریسکیو 1122 پر کال کریں.