راولپنڈی(اویس الحق سے)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی سیکورٹی کار کے کالے شیشے ہونے کے باعث ڈالفن پولیس انچارج اور اس کی ٹیم نے چلان کر دیا۔جنید صفدر کے ساتھ موجود سیکورٹی گاڑی میں سوار محمد علی کا چلان کیا گیا۔لیک سٹی میں جنید صفدر کی سیکورٹی کار کے شیشوں پر بلیک پیپر لگا ہوا تھا جس کے باعث ڈولفن پولیس فورس کے اہلکاروں نے بلیک پیپر والی گاڑی کو روکا اور انچارج شاہ زیب نے بغیر کسی دباؤ میں آئے گزشتہ رات 8 بج کر 30 منٹ پر لیک سٹی میں جرمانہ عائد کر دیا۔دوسری جانب سی،ایم پنجاب نے چلان کرنے والے ڈالفن پولیس کے انچارج شاہ زیب اور پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ قانون سب کےلئے برابر ہے آپ اور آپ کی ٹیم نے چلان کرکے قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا۔وزیر اعلی نے مزید کہا کہ پورے پنجاب میں قانون کا یکساں نفاز اور پاسداری دیکھنا چاہتی ہوں اور قانون کی بالادستی ہی ہماری حکومت کی پہچان ہے۔یاد رہے کہ حکومت پنجاب نے ڈالفن پولیس کو اب ٹریفک چلان کرنے کے اضافی اختیارات دے دئے ہیں۔
