راولپنڈی شہر میں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ کی جانب سے الیکٹرک بسوں کا آغاز ایک انقلابی، جدید اور عوام دوست اقدام کے طور پر سامنے آیا ہے جس نے شہریوں کے لیے سفر کو نہ صرف باوقار، آسان، محفوظ اور معیاری بنایا ہے بلکہ انہیں برسوں بعد ایک حقیقی سرکاری سہولت کا احساس دلایا ہے
لیکن افسوس کہ راولپنڈی سے چند ہی کلومیٹر کے فاصلے پر موجود چک بیلی خان اور اس کے درجنوں نواحی دیہات کے ہزاروں لوگ آج بھی بنیادی سفری سہولتوں سے محروم ہیں جہاں طلبہ، سرکاری و نجی ملازمین، خواتین، بیمار افراد، محنت کش اور روزانہ شہر کا رخ کرنے والے غریب و متوسط طبقے کے شہری وقت، عزت اور سہولت سے محروم ہو کر ٹویوٹا ہائی ایس مافیا کے رحم و کرم پر ہیں جو پرانی، خستہ، ٹوٹی پھوٹی گاڑیاں چلا کر، اوورلوڈنگ کر کے، پھٹا لگا کر اور من مانے کرائے وصول کر کے عوام کو یرغمال بنائے بیٹھے ہیں،
جہاں ڈرائیوروں کے نا مناسب رویے اور بدتمیزی نے سفر کو اذیت، بے بسی اور تذلیل میں بدل دیا ہے، اور خواتین، بچیوں، بزرگوں اور مریضوں کے لیے یہ سفر کسی عذاب سے کم نہیں، جبکہ دوسری طرف یہی جدید الیکٹرک بسیں گجر خان، اڈیالہ روڈ اور شہر کے مختلف علاقوں میں باقاعدگی سے چل رہی ہیں اور عوام سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا چک بیلی خان کے لوگ اس صوبے کے شہری نہیں، کیا وہ ٹیکس نہیں دیتے،
کیا وہ عزت اور باوقار سفر کے حق دار نہیں، کیا روزانہ ساٹھ کلومیٹر کا سفر کرنے والے یہ لوگ جدید سفری سہولت کے مستحق نہیں، کیا ان کے بچوں، خواتین اور بزرگوں کے لیے آسانی کا کوئی حق موجود نہیں، جبکہ یہ خطہ برسوں سے ٹرانسپورٹ مافیا کے ظلم، بدعنوانی اور من مانی کا شکار ہے۔ اسی لیے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ سے بھرپور، احتراماً اور دوٹوک اپیل ہے کہ راولپنڈی تا چک بیلی خان الیکٹرک بس سروس کا فوری آغاز کیا جائے تاکہ عوام محفوظ، باوقار، سستی اور معیاری سفری سہولت سے مستفید ہوسکیں اور اس مافیا کے چنگل سے نجات پا سکیں، کیونکہ یہ اقدام نہ صرف ہزاروں لوگوں کی زندگی بدل سکتا ہے
بلکہ عوام میں اعتماد، احساسِ تحفظ اور حقیقی سہولت کا دروازہ کھول سکتا ہے۔ اسی کے ساتھ میں جناب سردار سلیم حیدر خان گورنر پنجاب اور جناب چودھری نعیم اعجاز صاحب سے بھی خصوصی گزارش کرتا ہوں کہ وہ چک بیلی خان کے عوام کا یہ دیرینہ، جائز اور لازم مطالبہ وزیراعلیٰ پنجاب تک مضبوطی سے پہنچائیں اور اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں
تاکہ یہ بس سروس اس علاقے میں فوری طور پر شروع ہو سکے، کیوں کہ چک بیلی خان کے لوگ بھی اسی صوبے کے شہری ہیں، وہی خواب رکھتے ہیں، وہی مشکلات جھیلتے ہیں اور وہی سہولتوں کے حق دار ہیں جو دیگر علاقوں کو حاصل ہیں، اور یہی اصل انصاف، یہی عوامی خدمت اور یہی حقیقی ترقی ہے۔
سرفراز احمد