11

چک بیلی خان :رشتے کے بہانے بلا کر بلیک میل کرنے کا انکشاف۔مقدمہ درج واقعہ موضع ٹھلہ خورد میں پیش آ یا

چک بیلی خان کے علاقے میں بیٹے کے لیے رشتہ دیکھنے جانے والے شہری کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ شہری مدعیت میں تھانہ چونترہ نے نامزد ملزمان خلاف مقدمہ درج کرلیا،

تفصیلات کے مطابق شہری نے پولیس کو دی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ ٹھلہ خورد چک بیلی خان تحصیل و ضلع راولپنڈی کا رہائشی ہے اور اس کا بیٹا ارمغان الحق تقریباً 19 تا 20 سال عمر کا غیر شادی شدہ نوجوان ہے۔ کچھ روز قبل شکیلہ بی بی زوجہ عظمت خان نامی خاتون، جو رشتے کروانے کا کام کرتی ہے،ٹھلہ خورد کی رھایشی ہے ان کے گھر آئی اور بیٹے کا رشتہ کروانے کی پیشکش کی۔ متاثرہ خاندان نے آمادگی ظاہر کر دی۔

مورخہ 6 جون 2025 کو صبح تقریباً 8 بجے شکیلہ بی بی نے دوبارہ رابطہ کیا اور کہا کہ 11 بجے تک ڈھوک بھٹی پہنچیں جہاں لڑکی والوں سے ملاقات کروائی جائے گی۔ مدعی مقررہ وقت پر خود اپنی موٹر سائیکل پر وہاں پہنچا، جہاں شکیلہ بی بی، عظمت خان، ثمینہ بی بی (عرف پٹھانی)، ثوبیہ، عمران، عابد حسین، اور دیگر افراد موجود تھے۔

مدعی کو ایک کمرے میں بٹھا دیا گیا اور تھوڑی دیر بعد شکیلہ بی بی نے مبینہ طور پر فحش حرکات شروع کر دیں۔ اسی دوران عابد حسین، عمران ولد بشیر کالیں گجراں تحصیل گوجرخان کا رھایشی ، اور دیگر افراد اسلحے کے ساتھ کمرے میں داخل ہوئے۔ ثمینہ بی بی نے عمران کو ہدایت دی کہ متاثرہ نوجوان کی ثوبیہ اور شکیلہ کے ساتھ ویڈیو اور تصاویر بنائی جائیں۔ ویڈیو بنانے کے بعد متاثرہ نوجوان کو دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ اگر رقم نہ دی گئی تو یہ مواد وائرل کر دیا جائے گا۔

خوف زدہ ہو کر متاثرہ شخص نے اپنی عزت بچانے کے لیے موقع پر ہی 60ہزار روپے ثمینہ بی بی کے حوالے کر دیے۔

پولیس نے متاثرہ خاندان کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ نامزد ملزمان میں شکیلہ بی بی، ثمینہ عرف پٹھانی، عابد حسین، ثوبیہ، اور عمران گجر اور مصطفی ولد غلام مرتضی کالیں گجراں شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے اس واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ نوجوان کو انصاف فراہم کیا جائے اور ایسے بلیک میلنگ گینگ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں