چوکپنڈوری میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف محکمہ صحت کی کارروائی، کلینک سیل

کلرسیداں (یاسر ملک)
چوکپنڈوری میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف محکمہ صحت کی کارروائی، کلینک سیل، لیبارٹری کو وارننگ۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کلر سیداں ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چوکپنڈوری میں واقع ایک نجی کلینک کو سیل کر دیا جبکہ ایک لیبارٹری کو وارننگ جاری کی گئی۔تفصیلات کے مطابق، محکمہ صحت کی ٹیم نے سنٹری انسپکٹر عمران توقیر کے ہمراہ چوکپنڈوری اور اس کے گرد و نواح میں متعدد میڈیکل مراکز کا دورہ کیا، جن میں آذان میڈیکل سنٹر (چوکپنڈوری)، خالد میڈیکل سنٹر (بھاٹہ روڈ)، عائشہ کلینک (بھکڑال روڈ)، اور ایکسیلنٹ کیئر لیبارٹری (پنڈی روڈ) شامل ہیں۔کارروائی کے دوران عائشہ کلینک میں نہ صرف مستند ڈاکٹر کی عدم موجودگی پائی گئی بلکہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کی رجسٹریشن بھی دستیاب نہیں تھی، جس پر پی ایچ سی ایکٹ 2010 کے تحت کلینک کو موقع پر ہی سر بمہر کر دیا گیا۔اسی دوران ایکسیلنٹ کیئر لیبارٹری میں پتھالوجسٹ کے اوقاتِ کار واضح طور پر درج نہ ہونے پر لیبارٹری انتظامیہ کو باقاعدہ وارننگ جاری کی گئی۔ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عطائیت معاشرے کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے جو شہریوں کی جان و صحت کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ صحت کلر سیداں عطائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور مستقبل میں بھی ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں