چودھری نثار علی خان نے نگران وزیراعظم کیلئے حکومت کے تینوں نام مسترد کردئیے

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری نثار علی خان نے نگران وزیراعظم کیلئے حکومت کے تینوں نام مسترد کردئیے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے نگران وزیر اعظم کے لیے جسٹس(ر) شاکر اللہ جان کا نام واپس لے لیا۔اپوزیشن لیڈر چودھری نثار علی خان نے نگران وزیر اعظم کے لئے لکھے گئے راجہ پرویز اشرف کے خط کا جواب دیدیا ہے۔خط میں چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے نگران وزیراعظم کیلئے نیک نیتی سے نام دئیے مگر حکومت کی طرف سے گیم کھیلی جارہی ہے۔ نگران سٹ اپ پر کوئی مک مکا نہیں کریں گے۔نگران وزیراعظم کا فیصلہ ملک کی سیاسی قیادت کرے،۔ ن لیگ اسی نام پر متفق ہوگی جس پر تمام اپوزیشن ہوگی۔ معین قریشی طرز کے لوگ یا کسی بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے کہنے پر نگران وزیراعظم منتخب نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ہمارے ناموں پر مشاورت کیلئے تیار نہیں تو معاملہ کمیٹی میں جائے گا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم نے نگران وزیراعظم کے لئے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم اور ڈاکٹر عشرت حسین کے نام دے دیے ہیں۔ حکومت نے سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ، سابق گورنر اسٹیٹ بنک ڈاکٹر عشرت العباد اور سابق جسٹس میر ہزار کھوسو کے نام اپوزیشن کو بھجوائے تھے جبکہ مسلم لیگ ن نے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد ، جسٹس( ر )شاکر اللہ جان ، اور رسول بخش پلیجو کے نام تجویز کئے تھے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں