میرپور (نمائندہ خصوصی) — میرپور کے نواحی علاقہ چترپڑی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ مستری حمید، جو گزشتہ روز شام سے لاپتہ تھے، آج محلہ مونڈہ چترپڑی کے کس کے قریب مردہ حالت میں پائے گئے۔
مقامی بزرگ بکریاں چرانے کے دوران وہاں سے گزر رہے تھے کہ اچانک ان کی نظر لاش پر پڑی۔ انہوں نے فوری طور پر اہل علاقہ کو اطلاع دی، جس پر ایس ایچ او تھانہ منگلا اپنی ٹیم سمیت موقع پر پہنچ گئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مستری حمید دمے کے مریض تھے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں اچانک سانس لینے میں دشواری پیش آئی، جس کے باعث وہ زمین پر گر گئے۔ گرنے کے دوران ان کا سر اور چہرہ پتھر سے ٹکرانے کے سبب زخمی ہوا اور خون بہہ گیا۔
گواہان کے بیانات قلم بند کرنے کے بعد نعش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔ بعد ازاں ڈی ایس پی صاحب بھی جائے وقوعہ اور مرحوم کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے نعش کا معائنہ کیا اور مزید بیانات ریکارڈ کیے۔