چترپڑی سے لاپتہ پندرہ سالہ نائمہ بازیاب، بچی کو والدہ کے حوالے کر دیا گیا

میرپور (نمائندہ خصوصی) — چترپڑی سے دو ماہ قبل لاپتہ ہونے والی پندرہ سالہ نائمہ کو میرپور پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد بازیاب کرا لیا۔ نائمہ کی والدہ نے بیٹی کی گمشدگی کے بعد تھانہ منگلا میں رپورٹ درج کروائی تھی، تاہم ابتدائی طور پر پولیس کی جانب سے کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہ ہو سکی۔

واقعے کے بعد نائمہ کی والدہ نے محکمہ ترقی نسواں کی لیگل آفیسر میڈم عاصمہ علی شان ایڈووکیٹ سے رابطہ کیا، جنہوں نے مسلسل تھانہ منگلا پولیس سے رابطہ رکھا، مگر بارہا کوششوں کے باوجود پولیس کا رویہ ٹال مٹول کا رہا۔

تین روز قبل ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی تعیناتی کے بعد، میڈم عاصمہ نے متاثرہ والدہ کے ہمراہ ایس ایس پی سے ملاقات کی اور مکمل صورتحال سے آگاہ کیا۔ ایس ایس پی خرم اقبال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تھانہ منگلا کو سخت ہدایات جاری کیں کہ دو دن کے اندر اندر بچی کو بازیاب کر کے والدہ کے حوالے کیا جائے۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملتان سے بچی کا سراغ لگایا اور اسے بازیاب کر لیا۔ گذشتہ شب بچی کو تھانہ منگلا لایا گیا، جہاں آج محکمہ ترقی نسواں کی لیگل آفیسر میڈم عاصمہ علی شان کی موجودگی میں اسے اس کی والدہ کے سپرد کر دیا گیا۔

بچی کی بازیابی کے بعد والدہ زار و قطار روتی رہیں اور ایس ایس پی خرم اقبال اور میڈم عاصمہ کے لیے دعائیں کرتی رہیں۔ عوامی حلقوں کی جانب سے بھی پولیس اور محکمہ ترقی نسواں کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں