وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے خطے میں جنگی صورتحال اور پیٹرولیم بحران کے سبب سرکاری دفاتر میں ورک فراہم ہوم کا اعلان کردیا جب کہ صوبے بھر کے تعلیمی ادارے کل سے 31 مارچ تک بند رہیں گے، پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزراء کے لیے سرکاری فیول بند رہے گا۔
پنجاب حکومت کے مطابق سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں 50 فیصد فوری کمی کردی گئی ہے، صوبائی وزراء اور اعلی سرکاری افسر کے ہمراہ چلنے والی پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، ناگزیر سیکیورٹی کے لیے صرف ایک گاڑی صوبائی وزراء اور اعلی سرکاری افسر کے ہمراہ ہوگی۔
وزیراعلی پنجاب کے فیصلے کے تحت سرکاری دفاتر میں ’’ورک فرام ہوم ‘‘ کا فیصلہ کیا گیا ہے، صرف ضروری عملہ ہی دفتر آئے گا، اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں کل 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی، امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، اسکول اور تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز لے سکیں گے۔
شہریوں کی سہولت کے لیے ای بزنس اور ’’مریم کی دستک ‘‘ کے تحت سروسز جاری رہیں گی، سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسز منعقد ہوں گی، سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی لگا دی گئی ہے، ہارس اینڈ کیٹل شو کا ثقافتی تہوار بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
۔پیٹرولیم مصنوعات کی مانیٹرنگ کے لیے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پی آئی ٹی بی کو پیٹرولیم مصنوعات کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ، پولیس، پیرا اور دیگر اداروں کے نمائندے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیارکرنے والی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ورک فرام ہوم کے تحت صرف اضافی سپورٹ اسٹاف کی آمد و رفت بند کی جارہی ہے، دفاتر میں کام بند نہیں ہوگا، نجی سیکٹر کو ورک فرام ہوم، غیر ضروری تقریبات نہ کرنے اور صرف ضروری اسٹاف بلانے کی ایڈوائزری جاری کی جائے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت دی کہ تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی کی جائے، زائد اور ناجائز کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، پنجاب میں اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد کی سخت نگرانی کی جائے۔
مریم نواز نے اپیل کی کہ بحرانی صورتحال کے پیش نظرعوام آؤٹ ڈور فنکشن نہ کریں،ہنگامی حالات کے پیش نظر عوام لیٹ نائٹ شاپنگ سے گریز کریں، ضروری اشیا کی غیر ضروری خریداری یا ذخیرہ نہ کریں، مشکل حالات میں قوم کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، بہادر قومیں مشکل حالات کا اتحاد، صبر اور دانش مندی سے مقابلہ کرتی ہیں۔
اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معاشی بحران کے پیش نظر پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے آن لائن موڈ پر منتقل کر دئیے گئے ہیں۔
سماجی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ گریڈ 8 کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، اسکول بیسڈ اسسمنٹ کا عمل بھی متاثر نہیں ہوگا، بورڈ امتحانات بھی شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے، تعلیمی ادارے 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رکھے جائیں گے تاہم کلاسز آن لائن لی جا سکیں گی۔