پنجاب میں پٹرول موٹرسائیکل اور رکشہ کی پروڈکشن پر پابندی کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے پیٹرول موٹرسائیکل اور رکشے کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت انسدادِ اسموگ کے لیے کابینہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ پنجاب میں پیٹرول موٹر سائیکل رکشے کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا، پیٹرول سے چلنے والے موٹر سائیکلوں کی پروڈکشن بھی بتدریج اور مرحلہ وار بند کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں سرکاری اداروں کے لیے صرف الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں اور الیکٹرک موٹر سائیکل ہی خریدی جائیں گی جب کہ گھروں کی سطح پر پانی سے گاڑیاں دھونے پر مکمل پابندی بھی عائد کردی گئی۔

اجلاس میں پورے پنجاب میں جدید دنیا کی طرح رنگ دار کوڑے دان لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، اسی طرح پلاسٹک اور زہریلا دھواں پیدا کرنے والی اشیا جلانے پر سخت سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ شہریوں کی صحت و ماحول کو نقصان پہنچانے پر کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔

مقررہ معیار سے زیادہ دھواں دینے والی گاڑیوں کی مستقل بنیادوں پر ٹیسٹنگ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف ورکشاپس مقرر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔