پنجاب میں عام بلدیاتی انتخابات مارچ 2026 میں کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد (حذیفہ اشرف) — الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں عام بلدیاتی انتخابات مارچ 2026 میں منعقد کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں ممبرانِ الیکشن کمیشن، سیکریٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکریٹری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے 2022ء میں بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کے بعد نئی حلقہ بندیاں مکمل کی تھیں، تاہم اُس وقت انتخابات ممکن نہ ہو سکے۔ اب نئی حلقہ بندیوں کے تحت الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مارچ 2026ء میں کرائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کی موجودہ حلقہ بندیاں قانونِ ایکٹ 2017ء کی شق 219 کے تحت مکمل کی جا چکی ہیں۔ اب اگلے مرحلے میں انتخابی فہرستوں کو حتمی شکل دی جائے گی اور بعد ازاں انتخابی شیڈول جاری کیا جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ تمام انتظامی اور تکنیکی امور کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ بلدیاتی انتخابات شفاف، منصفانہ اور مقررہ وقت پر منعقد کیے جا سکیں۔