کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ٹی ایچ کیو ہسپتال کلرسیداں میں قوتِ سماعت سے محروم بچوں کے لیے ایک روزہ خصوصی فلاحی کیمپ کا انعقاد ایک نہایت مثبت اور انسان دوست اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ کیمپ کا مقصد نہ صرف بچوں کی سماعت سے متعلق پیچیدہ مسائل کا جدید طبی طریقوں سے جائزہ لینا تھا بلکہ مستحق طلبہ کو آلۂ سماعت کی فراہمی کے ذریعے ان کی زندگی میں آسانی پیدا کرنا بھی تھا۔
یہ کیمپ ایک معروف فلاحی تنظیم کے تعاون سے منعقد ہوا، جس میں اسپیشل ایجوکیشن سکول کلرسیداں میں زیر تعلیم 36 بچوں کا مکمل آڈیو لوجیکل معائنہ کیا گیا۔میڈیکل ٹیم کی تفصیلی اسکریننگ کے بعد 26 بچوں کی ضرورت کے مطابق جدید ترین آلات سماعت فراہم کیے گئے، جو ان کے تعلیمی اور سماجی سفر میں ایک بڑی معاونت ثابت ہوں گے۔کیمپ کی براہ راست نگرانی کنسلٹنٹ آڈیولوجسٹ ڈاکٹر سید سجاد جاوید احمد نے کی، جبکہ اوڈیولوجسٹ نورین اسامہ، محمد سمی، حسین فعد، زمان شاہین اختر، نعیمہ افتخار، ثناء کیانی اور محمد عن یار نے ٹیسٹنگ اور فٹنگ کے مراحل میں اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عابدہ پروین بھی موجود تھیں جنہوں نے اس اقدام کو بچوں کی بحالی کی جانب ایک مؤثر قدم قرار دیا اور کہا کہ سماعت سے محروم افراد کے لیے ایسے پروگرام وقت کی ضرورت ہیں۔ڈاکٹر سید سجاد جاوید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آلۂ سماعت حاصل کرنے والے بچوں کے لیے جلد دوبارہ فالو اَپ سیشنز منعقد کیے جائیں گے تاکہ ان کی سماعت میں بہتری کا تسلسل قائم رکھا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مستقبل میں مزید مستحق بچوں اور افراد کو بھی اس سہولت سے مستفید کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔یہ فلاحی کیمپ نہ صرف طبّی سہولت کی فراہمی کا ذریعہ تھا بلکہ معذور بچوں کے لیے امید، اعتماد اور بہتر مستقبل کی طرف ایک مضبوط قدم بھی ثابت ہوا۔