کلر سیداں (یاسر ملک)
ٹریفک وارڈن کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور جھگڑا کرنے والے تین ڈرائیوروں کے خلاف مقدمہ درج۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کلر سیداں پولیس کو درخواست دیتے ہوئے ڈرائیور وارڈن امتنان فیصل مرزا نے بتایا کہ وہ ٹریفک وارڈن عبداللہ کے ہمراہ معمول کے مطابق ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ کلرسیداں چوک سے مرید چوک کی سمت آنے والی ٹویوٹا ہائی ایس نمبرLES/6727 کو روکا گیا۔گاڑی کا ڈرائیور جس کی شناخت عامر ولد نامعلوم کے نام سے ہوئی، ڈرائیونگ لائسنس پیش نہ کر سکا۔ ٹریفک پولیس اہلکار کے مطابق لائسنس طلب کرنے پر ڈرائیور مشتعل ہو گیا اور فون کر کے اپنے ساتھیوں کو موقع پر بلا لیا۔ کچھ ہی دیر بعد عمیر ولد گلزار سکنہ جسوالہ، سعید ولد نامعلوم سکنہ سہوٹ اور دو نامعلوم افراد موقع پر پہنچے اور ٹریفک اہلکار سے تلخ کلامی کے بعد گالم گلوچ شروع کر دی۔ ملزمان نے نہ صرف ٹریفک پولیس اہلکار کا گریبان پکڑنے کی کوشش کی بلکہ اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے نہ صرف اہلکار کو دھمکیاں دیں بلکہ کارِ سرکار میں کھلی مداخلت بھی کی۔ واقعے کی روشنی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
