اسلام آباد(اویس الحق سے)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وفاقی پولیس کے اے ایس آئی علی اکبر کے قتل کیس میں ملزم وقار کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری مسترد کر دی۔
انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ملزمان کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی۔ سرکار کی جانب سے وکیل راجا نوید حسین نے دلائل دیے۔
عدالت نے شریک ملزم محمد علی کی 50 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض ضمانت منظور کر لی۔
راجا نوید حسین نے دلائل میں کہا کہ ملزم وقار کی مدعی مقدمہ نے شناخت پریڈ کے دوران تصدیق کی، ملزم وقار سے دوران تفتیش مقتول کا سروس کارڈ بھی برآمد ہوا، ملزم کا اس سے قبل بھی کریمنل ریکارڈ موجود ہے۔
سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔
واضح رہے کہ تھانہ سبزی منڈی میں ملزمان کیخلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔