وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تعمیر و ترقی کا مشن تیزی سے جاری ہے،صوبائی وزیر مواصلات۔

راولپنڈی(اویس الحق سے)وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

محکمہ مواصلات نے صوبے بھر میں متعدد شاہراہوں کی بحالی کے منصوبے مکمل کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ کے افسران نے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں لاہور، جہلم، خوشاب، پاکپتن، مظفرگڑھ، مری، اٹک، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان کی شاہراہوں پر جاری اور مکمل منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ لاہور میں واہگہ بارڈر تا قائداعظم انٹرچینج 13 کلومیٹر طویل منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ پاکپتن میں 9 ارب روپے کی لاگت سے 360 کلومیٹر طویل متعدد شاہراہوں کو بحال کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 7.6 ارب روپے کی لاگت سے ساہیوال، عارف والا، بہاولنگر شاہراہ کے میگا منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ مظفرگڑھ میں محمود کوٹ روڈ کی تعمیر نو مکمل ہو چکی ہے۔ مری میں ڈیجیٹل سائن بورڈز کی تنصیب مکمل کر دی گئی ہے۔

اٹک میں 352 کلومیٹر طویل متعدد شاہراہوں کی بحالی مکمل ہو چکی ہے، بہاولنگر میں 227 کلومیٹر طویل سڑکوں کو از سر نو تعمیر کیا گیا ہے، جب کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 23 ارب روپے کی لاگت سے 913 کلومیٹر طویل شاہراہوں کی بحالی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے میں تعمیر و ترقی کا مشن جاری ہے۔