واہ صدر کی نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں پولیس آپریشن کے دوران تین ملزمان ہلاک جنکہ ایک زخمی۔

راولپنڈی(اویس الحق سے)صدر واہ کے علاقہ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں موجود خطرناک ملزمان کو پشاور اور راولپنڈی پولیس ٹیم نے مشترکہ آپریشن میں ہلاک کر دیا۔

فائرنگ کے نتیجہ میں انتہائی مطلوب افراد سمیت تین ملزمان ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار۔

ہلاک ملزمان میں معروف ٹک ٹاکر اور ڈان آدم خان بھی شامل ہے جو دہشت گردی سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں ملوث و مطلوب تھا۔

ہلاک ملزم آدم خان کے بارے میں پولیس نے بتایا ہے کہ وہ پاکستانی شہریت کے جعلی دستاویزات تیار کرکے آزادانہ طور پر پاکستان میں مقیم تھا۔

ٹک ٹاکر اور ڈان آدم خان کے دیگر دو ہلاک ساتھیوں میں ایک کی شناخت محمد جبکہ دوسرے کی مجاہد افغانی کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت نور رحمت کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر موجود رہے اور تمام اپریشن کی نگرانی خود کرتے رہے۔

رات گئے جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کئے جا چکے تھے اور زخمی سمیت ہلاک ہونے والوں کی نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

ایسے میں تمام علاقے کو مکمل طور پر سیل بھی کیا گیا تاکہ مزید ملزمان اور ان کے نیٹ ورک تک پہنچا جا سکے۔

سی،پی،او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر علاقہ میں پولیس کی مزید ناکہ بندی اور چیکنگ جاری رہی۔

ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے فرائض کی انجام دہی پر سی پی او سید خالد ہمدانی کی راولپنڈی اور پشاور پولیس ٹیم کو شاباش دی گئی اور انھوں نے کہا کہ شہریوں اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔